Friday, November 06, 2026 | 24 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • اداکار عمران خان نے اینٹی سی ای سی احتجاج کے بعد ’انڈیا چھوڑو‘ نوٹس پر حکمِ امتناعی کی درخواست دائر کی

اداکار عمران خان نے اینٹی سی ای سی احتجاج کے بعد ’انڈیا چھوڑو‘ نوٹس پر حکمِ امتناعی کی درخواست دائر کی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 17 Oct 2026

اداکار عمران خان نے اینٹی سی ای سی احتجاج کے بعد ’انڈیا چھوڑو‘ نوٹس پر حکمِ امتناعی کی درخواست دائر کی
بالی ووڈ اداکار عمران خان نے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن دفتر، یعنی ایف آر آر او، کے اس نوٹس پر فوری حکمِ امتناعی کی درخواست دائر کی ہے جس میں انہیں 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ درخواست ان کے وکلا ذوالفقار میمن، پرویز میمن اور چراغ نائک کے ذریعے دائر کی گئی، اور اسے پیر کے روز ہنگامی سماعت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
 
یہ نوٹس 10 اکتوبر کو ممبئی کے آگست کرانتی میدان میں منعقدہ ایک احتجاجی مظاہرے کے بعد سامنے آیا، جہاں مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ عمران خان، ان کی شریکِ حیات لیخا واشنگٹن اور کزن زین ماری خان کو اسی موقع پر پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آر آر او نے عمران خان کو امریکی شہری قرار دے کر امیگریشن اور فارنرز ایکٹ 2025 اور اس کے تحت جاری قواعد کی مبینہ خلاف ورزی کا حوالہ دیا، مگر یہ واضح نہیں کیا کہ کون سی دفعات، کب اور کیسے ٹوٹی ہیں۔ درخواست کے مطابق عمران خان اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ ہولڈر ہیں، جن کے مستقل رہائشی حقوق ہیں، لیکن حکام نے انہیں محض غیر ملکی سمجھ کر 14 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا، بغیر کسی پیشگی انکوائری، شوکاز نوٹس یا موقف سننے کے موقع کے۔
 
پٹیشن میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ احتجاجی مقام ممنوعہ علاقہ نہیں تھا اور او سی آئی کارڈ ہولڈرز کے احتجاج میں شرکت پر پابندی نہیں۔ ویڈیو شواہد سے ثابت ہوگا کہ عمران خان نے بیریکیڈز نہیں توڑے اور وہ وہاں سے نکل رہے تھے کہ میڈیا نمائندے انہیں گھیر بیٹھے، اسی دوران پولیس نے حراست میں لیا۔
 
عمران خان نے عدالت سے گزارش کی کہ اگر عبوری ریلیف نہ ملا تو انہیں اپنا وطن، گھر، خاندان اور روزگار چھوڑنا پڑے گا، جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ ان کا کے مطابق، وہ دو برس کی عمر سے ہندوستان میں رہتے آئے ہیں، جبکہ حکام نے نہ کوئی سکیورٹی خدشہ بتایا نہ ہنگامی حالات ۔
 
اسی دوران، بی جے پی رہنما اور سابق ایم پی کیرت سومیا نے عمران خان کی ملک بدری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سیاسی مظاہرے میں شرکت امیگریشن قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے احتجاج کے دوران کہا کہ وہ بطور ممبئی رہائشی شریک ہوئے اور کسی سیاسی تنظیم کی نمائندگی نہیں کرتے۔