پنجاب اسمبلی انتخاب 2027 کے لیے عام آدمی پارٹی نے آج ہفتہ 31 اکتوبر کو اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 40 اسمبلی نشستوں کے لیے ناموں کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔ یہ فہرست پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج کمار گپتا کے دستخط کے ساتھ جاری کی گئی، جس میں امیدواروں کے ناموں کے ہمراہ ان کے متعلقہ حلقہ ہائے انتخاب اور نشستوں کے نمبروں کی تفصیل بھی درج ہے۔ اس پیش رفت کی نمایاں بات یہ ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو دھوری اسمبلی حلقہ سے دوبارہ امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جسے پارٹی اپنی حکومتی کارکردگی اور تنظیمی اعتماد کا اظہار قرار دے رہی ہے۔
پارٹی نے واضح کیا کہ امیدواروں کا انتخاب پنجاب کے تینوں خطوں—ماجھا، دوآبہ اور مالوا—کے زمینی حقائق، پچھلے انتخابی رجحانات اور تنظیمی مشاورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے، تاکہ علاقائی نمائندگی اور توازن برقرار رہے۔ جاری فہرست میں خواتین کو بھی اہم نمائندگی دی گئی ہے، جن میں اندرجیت کور مان، سنتوش کٹاریہ، ڈاکٹر امن دیپ کور اروڑا اور بلجندر کور کے نام شامل ہیں۔ پارٹی کے مطابق یہ شمولیت صنفی برابری اور شفاف سیاست کے عزم کی عکاس ہے۔
فہرست کے مطابق ماجھا خطے میں بٹالہ سے امن شیر سنگھ المعروف شیری کلسی، اجنالہ سے کلدیپ سنگھ دھالیوال، امرتسر جنوبی سے ڈاکٹر اندر بیر سنگھ نجر، ترن تارن سے ہرمیت سنگھ سندھو اور کھیم کرن سے سرون سنگھ دھون کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ دوآبہ کے لیے نکودر سے اندرجیت کور مان، کرتارپور سے بلکار سنگھ، دسویا سے کرمبیر سنگھ گھمن، اُرمڑ سے جسویر سنگھ راجا گل، ہوشیارپور سے برہم شنکر شرما جنپا، چبے وال سے ایشانک کمار چبے وال اور گڑھ شنکر سے جے کشن سنگھ روڑی کے نام شامل ہیں، جبکہ بلاچور سے سنتوش کٹاریہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
مالوا خطے میں روپ نگر سے دنیش چڈھا، ایس اے ایس نگر سے کلونت سنگھ، فتح گڑھ صاحب سے لکھبیر سنگھ رائے، املوہ سے گرندر سنگھ گیری وڑنگ، سمرالہ سے جگتار سنگھ دیال پورہ، لدھیانہ مشرقی سے دلجیت سنگھ گریوال بھولا، آتم نگر سے کلونت سنگھ سدھو اور لدھیانہ وسطی سے اشوک پرشار پپی امیدوار ہوں گے۔ اسی تسلسل میں لدھیانہ مغربی سے سنجیو اروڑا، لدھیانہ شمالی سے چودھری مدن لال بگا، پائل سے منویندر سنگھ گیاس پورہ، نہال سنگھ والا سے منجیت سنگھ بلاس پور، باگھا پورانہ سے امرت پال سنگھ سکھانند اور موگا سے ڈاکٹر امن دیپ کور اروڑا کے نام شامل ہیں۔
مزید یہ کہ دھرم کوٹ سے دیویندر جیت سنگھ لادی ڈھوس، جلال آباد سے جگدیپ کمبوج گولڈی، فاضلکا سے نریندر پال سنگھ ساونا، مکتسر سے جگدیپ سنگھ کاکا برار، کوٹک پورہ سے کلتار سنگھ سندھواں اور جیتو سے املوک سنگھ کو نامزد کیا گیا ہے۔ تلوَندی سابو سے بلجندر کور، سردول گڑھ سے گرپریت سنگھ بناوالی، بھدّوڑ سے لبھ سنگھ اوگوکے، میہل کلاں سے کلونت سنگھ پنڈوری، امر گڑھ سے جسونت سنگھ گجن ماجرا، دھوری سے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور پٹیالہ سے اجیت پال سنگھ کوہلی انتخابی میدان میں اتریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق فہرست کی تیاری میں مقامی یونٹوں کی سفارشات، عوامی سروے اور کارکردگی کی جانچ کو بنیاد بنایا گیا، جبکہ مزید نشستوں کے لیے نام آئندہ مرحلوں میں جاری کیے جائیں گے۔ اگرچہ ووٹنگ کی سرکاری تاریخ کا اعلان بعد میں متوقع ہے، لیکن عآپ نے قبل از وقت تیاری کے ذریعے انتخابی مہم کو تیز کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ پارٹی کا کے مطابق، موجودہ حکومت کی پالیسیوں، بنیادی سہولیات، صحت اور تعلیم کے منصوبوں اور بدعنوانی کے خلاف اقدامات کو لے کر وہ ووٹروں کے سامنے جائے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اس فہرست پر اپنا ردعمل دینے کی تیاری میں ہیں، جس سے آئندہ دنوں میں سیاسی ماحول مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔







